غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے: ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ تمام بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ گرمی میں عوام کا بُرا حال ہے، نہ بجلی کا وزیر آ رہا ہے نہ پانی کا۔ پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے، ظلم یہ کرتے ہیں اور گالیاں ہم کھاتے ہیں۔

نور عالم خان نے کہا کہ بجلی کا نرخ تو روز بڑھ رہا ہے لیکن لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی، کیا ہم اس لیے حکومت میں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیا پشاور، پنجاب، بلوچستان، لاڑکانہ اور سکھر کے عوام پاکستانی نہیں ہیں، ہم بے عزتی کے لیے یہاں نہیں بیٹھے۔ لوڈشیڈنگ کرنی ہے تو وقت مقرر کریں۔

نور عالم خان نے کہا کہ اس معاملے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، ملک میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری چل رہا ہے، خدارا ہوش کے ناخن لیں اور معاملے کو حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس ہے اور صرف 2 وزیر آتے ہیں۔ لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور سوئی گیس کی فراہمی کنٹرول سے باہر ہے۔

نور عالم خان نے کہا کہ جمعے کے دن 12 سے 2 بجے لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، ڈپٹی اسپیکر صاحب اس پر رولنگ دیں۔