جناح ہسپتال میں کار سوار افراد مبینہ طور پر لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار

کراچی کے جناح ہسپتال میں کار سوار افراد مبینہ طور پر لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس نے کہا ہے کہ کار سوار افراد لڑکی کی لاش چھوڑ کے ہسپتال میں ابتدائی تفصیلات دینے کے بعد فرار ہوئے۔

پولیس حکام نے کہا ہے کہ ہسپتال حکام کے بیان کے مطابق گاڑی میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی سوار تھے، لاش کی شناخت کر لی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کو ڈیفنس سے لایا گیا تھا، واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، جس گاڑی میں لڑکی کو ہسپتال منتقل کیا گیا اس کی تفصیلات لی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ لڑکی کو صبح ساڑھے 7 بجے مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا، مرنے والی لڑکی کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔

اسد رضا نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نشے کی زیادتی موت کی وجہ بنی، ہسپتال انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔

ہسپتال حکام نے کہا ہے کہ لڑکی کی شناخت کر لی گئی، اس کی عمر 18 سال ہے، لڑکی کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کا تعلق لاہور سے ہے۔