بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ ،9 خواتین زخمی

کراچی میں کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ مچ گئی۔

بھگدڑ کے نتیجے میں وہاں موجود 9 خواتین زخمی ہو گئیں۔

زخمی خواتین کو ریسکیو کرنے کے لیے متعدد ایمبولینسیں روانہ کی گئیں جن کے ذریعے زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

علاقہ پولیس کے مطابق کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا، جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لیے بھگدڑ مچ گئی۔

ایک متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے بلایا گیا تھا۔