عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار کے قتل کا مقدمہ درج

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف درج کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ مقتول وکیل کے بیٹےکی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، قتل کا مقدمہ شہید جمیل کاکڑ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

خیال رہےکہ سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو گزشتہ روز ائیرپورٹ روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

عبدالرزاق شر عمران خان کے خلاف سنگین غداری کےکیس میں درخواست گزار بھی تھے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا الزام چیئرمین پی ٹی آئی پر لگایا تھا اورکہا تھا کہ مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کیا جائےگا۔

دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس بغیر کارروائی کے موخر ہوگیا۔

عبدالرزاق شرکی دائر درخواست پر کیس کی پیروی سینئر وکیل امان اللہ کنرانی کر رہے ہیں۔

امان اللہ کنرانی کے مطابق آج بینچ کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی کارروائی موخر ہوئی، درخواست پرسماعت کی آئندہ تاریخ بعد میں مقرر کی جائےگی۔