قوی خان کے فنی کیریئر پر ایک نظر

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معتبر نام محمد قوی خان نے 15 نومبر 1942 کو پشاور میں آنکھ کھولی۔

انہوں نے کم عمری میں ہی اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا، 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو پہلے ڈرامے ’’نذرانہ‘‘ میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

اداکار قوی خان نے اپنی جاندار اداکاری سے بہت جلد انڈسٹری میں اپنا نام اور مقام بنالیا، انہوں نے لاتعداد ڈراموں میں مختلف کردار ادا کیے اور خوب نبھائے۔

قوی خان کے معروف ڈراموں میں اندھیرا اجالا، فشار، لاہور گیٹ، مٹھی بھر مٹی، بیٹیاں، سنڈریلا اور درشہوار شامل ہیں۔

اداکار قوی خان نے 200 سے زائد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے اپنا خاص مقام بنایا۔

وہ پاکستان ٹیلی وژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغۂ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

انڈسٹری میں اپنی لازوال خدمات کے عوض انہیں ستارہ امتیاز، لائف ٹائم ایچومینٹ ایوارڈ، تین نگار ایوارڈز سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا۔

ان کے ساتھی اداکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہترین اداکار ہی نہیں ایک بہترین اور خوددار انسان بھی تھے۔

قوی خان نے شوبز انڈسٹری میں اپنی شاندار اداکاری سے یادوں کا جو قیمتی اثاثہ چھوڑا ہے وہ ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

واضح رہے کہ 80 سالہ لیجنڈری اداکار قوی خان گزشتہ روز کینیڈا کے ایک اسپتال میں دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔