بھارت اور زمبابوے سے شکست کے بعد نیندیں حرام ہوگئی تھیں، شان مسعود

پاکستان ٹیم کے بیٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ صرف زمبابوے ہی نہیں ہمیں بھارت کے ہاتھوں شکست کا بھی افسوس ہے، کھلاڑیوں کی نیندیں حرام ہوگئی تھیں اور مورال بہت نیچے چلا گیا تھا۔

ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ امیدیں ہماری زندہ ضرور ہیں، جب تک گروپ کی آخری گیند نہ ہوجائے امید برقرار رہے گی۔

شان مسعود نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف کامیابی بہت ضروری تھی جبکہ بنگلادیش کے خلاف میچ میں ہم 2 پوائنٹس لینے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کا مورال اچھا ہوگیا ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ بھارت اور زمبابوے کے خلاف شکست نے کھلاڑیوں پر بہت برا اثر ڈالا ہے، ہم نے بھارت کے خلاف بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہت اچھا پرفارم کیا۔

شان مسعود نے کہا کہ لیکن یہ دیکھیں اس دھچکے کے بعد ٹیم نے اچھے انداز میں کم بیک کیا، ایسے حالات میں کم بیک کرنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ہم نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ دونوں میچز غلط وقت پر ہارے اور یہ دونوں شکست ورلڈ کپ میں بہت مہنگی پڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے ہم ٹاپ ٹو پوزیشن میں نہیں آسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھات اور زمبابوے کے خلاف دونوں میچز ہماے ہاتھ میں تھے، اہم موقع پر اچھا کر لیتے تو چاروں میچز جیتے ہوتے۔

شان مسعود نے کہا کہ اپنی کارکردگی سے زیادہ خوش نہیں ہوں، زمبابوبے اور نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں ناٹ آؤٹ جاتا تو زیادہ اچھا تھا۔