محمد حفیظ کے بعد اسد شفیق نے بھی کراچی یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا

قومی ٹیم کے دو سابق کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ کے بعد ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے بھی کراچی یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے منگل کو صدر شعبہ پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری کے ہمرسازہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ملاقات کی۔

اسد شفیق نے شعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز میں داخلہ لیا ہے۔اسد شفیق نے تعلیم کے میدان میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کا عزم طاہر کرتے ہوئے علم کو سب سے بڑی دولت قرار دیا۔

شیخ الجامعہ نے قومی کرکٹرز میں بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ پر مسرت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی کراچی یونیورسٹی کے شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن میں داخلہ لیا تھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل کوکھیل کود میں بھی حصہ لینا چاہیئے جو ذہنی وجسمانی نشوونما کے لئے ناگزیر ہے مسابقت کے جذبے کا مثبت اثر ناصرف جسمانی صحت پر ہوتا ہے بلکہ ذہنی نشوونما کے ساتھ شخصی کردار بھی نہایت فعال ہوجاتا ہے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی روز اول سے ہی طلبا و طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کے بھی بھر پور مواقع فراہم کررہی ہے جو ذہنی وجسمانی نشوونما کے لئے بہت ضروری ہے مجھے امید ہے کہ جامعہ کراچی کے طلبہ محمد حفیظ کے اسپورٹس تجربات سے بھرپوراستفادہ کریں گے۔