چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے بعد ان کا بستر گھر سےمنگوالیا گیا

پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے بعد ان کا بستر گھر سے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر منگوالیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر میں مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کیں اور دو گھنٹے میں پانی کی تین بوتلیں نوش کیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر لاہور میں رکھا گیا ہے، ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل فٹ قرار دیا۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وہ دل کے مریض ہیں، ذاتی معالج کے سوا کسی اور ڈاکٹر کی دوائی نہیں لوں گا۔

اینٹی کرپشن حکام نے ان کے ذاتی معالج کو اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر بلایا جو ان کی ادویات بھی ساتھ لے آئے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے خود پرویز الہٰی سے تفتیش کا آغاز کیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، وہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں حراست میں لیا۔