گوجرانوالہ میں دو سگی بہنوں کی مبینہ خودکشی

گوجرانوالہ: لیل ورکاں میں دو سگی بہنوں نے مبینہ طورپہ زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے لیل ورکاں کی رہائشی دو سگی بہنوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں متوفیوں کی شناخت سمیرا اور فضا کے نام سے ہوئی ہے، اور دونوں بہنیں طلاق یافتہ تھیں۔

ڈی ایس پی نوشہرہ ورکاں کا کہنا ہے کہ سمیرا اور فضا کافی عرصے سے اپنے میکے میں رہ رہی تھیں، اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے دونوں بہنوں نے زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کی ہے، متوفیہ سمیرا 3 بچوں کی ماں تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اہل خانہ نے دونوں بہنوں کی موت کی خبر پولیس کو نہیں دی، جس وجہ سے تحقیقات میں شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں، تاہم جاں بحق بہنوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد خودکشی یا قتل دونوں پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جائے گی۔