صوبۂ سندھ کے ضلع دادو میں خاتون کے قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے کے خلاف برہمانی قبیلے کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ برہمانی قبیلے کی جانب سے دھرنا انڈس ہائی وے برڑا نہر کے قریب دیا گیا مزید پڑھیں
واٹس ایپ میں ایک اور بڑا فیچر میسجنگ پلیٹ فارم کا حصہ بن گیا
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں حالیہ ہفتوں میں کئی نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
میسج ایڈیٹنگ، لاک چیٹس اور ایک اکاؤنٹ کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے سمیت کئی فیچرز اب واٹس صارفین کو دستیاب ہیں۔
مگر کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ میں تبدیلیوں لانے کا سلسلہ جاری ہے، اب ایک اور بڑا فیچر اس میسجنگ پلیٹ فارم کا حصہ بن گیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے چینلز نامی فیچر کو انکرپٹڈ میسجنگ سروس کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈمنز کے لیے چینلز کے ذریعے ٹیکسٹ، فوٹوز، ویڈیوز، اسٹیکرز اور پولز بڑے پیمانے پر لوگوں سے شیئر کرنا ممکن ہوگا۔
صارفین چینلز کو فالو کر سکیں گے اور اس کے لیے سرچ ایبل ڈائریکٹری کی مدد لے سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق صارفین سرچ کرکے اپنی پسندیدہ ٹیموں، مشاغل یا مقامی حکام کی اپ ڈیٹس پر مشتمل چینلز کو فالو کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق آپ چینلز کے ذریعے ان تمام موضوعات کو فالو کرسکیں گے جن کی آپ کو پروا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کے لیے فٹبال ٹیموں ایف سی بارسلونا اور مانچسٹر سٹی سمیت عالمی ادارہ صحت سے شراکت داری کی گئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فیچر سب سے پہلے کولمبیا اور سنگاپور کے صارفین کو دستیاب ہوگا جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔
چینلز کا آپشن واٹس ایپ کی ایک نئی ٹیب اپ ڈیٹس (یہ ٹیب کا نام ہے) میں موجود ہوگا۔
ایڈمن اپنے چینلز میں لوگوں کو ایڈ نہیں کر سکیں گے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں بتایا کہ چینلز یہ بنیادی طور پر میسجنگ براڈ کاسٹنگ ٹول ہے جس میں لوگوں کی پرائیویسی کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ایک چینل کی ہسٹری 30 دن تک دستیاب ہوگی جس کے بعد وہ خودکار طور پر غائب ہو جائے گی۔
ایک چینل کے ایڈمنز کے فون نمبر اور پروفائل فوٹو فالوورز سے شیئر نہیں کیے جائیں گے جبکہ اگر آپ کسی چینل کو فالو کریں گے تو آپ کا فون نمبر بھی ایڈمن یا کسی اور فالوور کے سامنے ظاہر نہیں ہوگا۔