محکمۂ انسداد دہشت گردی کی کارروائی،ایم کیو ایم لندن کارکن گرفتار

محکمۂ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی سے ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے انچارج نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کا مفرور سابق یونٹ انچارج ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم وصی خان عرف کاشف نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ تمام ہدایات سیکٹر انچارج رئیس مما کی طرف سے ملتی تھی۔

انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے 2010 میں سی ٹی ڈی اہلکار دانش کو فائرنگ کر کے زخمی کیا، 2012 میں جلیبی چوک پر فائرنگ سے ایم کیو ایم حقیقی کے دو کارکنان کو قتل کیا، 2013 میں کورنگی سی ایریا میں اے ایس آئی حاجی ندیم کو قتل کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم نے 2013 میں کربلا گراؤنڈ لانڈھی میں دو لڑکوں کو قتل کیا، 2013 میں پولیس اہلکار ندیم کو گھر میں فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا جبکہ فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار ندیم کا بھتیجا ہلاک ہوا تھا۔

محکمۂ انسداد دہشت گردی کے انچارج نے کہا کہ 2014 میں ملزم کی ابراہیم حیدری میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے دو اہلکار شہید ہوئے تھے، ملزم اس سے قبل دستی بم اور قتل کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔

انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزم سے ایم کیو ایم لندن سیٹ اپ سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے، انچارج سی ٹی ڈی