ارشد ندیم قومی ہیرو قرار، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کی مبارکباد

صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں صدر مملکت نے پاکستانی ایتھلیٹ ا رشد ندیم کو جیولین تھرو میں ریکارڈ قائم کرنے اور کامن ویلتھ گیمز 2022 میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارک باد دی ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں ۔ طلائی تمغہ جیتنے پر آپ کوبہت بہت مبارک ہو۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج صبح بیدار ہوتے ہی بہت خوشی کی خبر سنی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔ ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے ۔ وزیراعظم نے شان دار کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

علاوہ ازیں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ارشدندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ قوم کا فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے ٹویٹ میں آرمی چیف نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار کارکردگی سےکامن ویلتھ گیمز میں نئی تاریخ رقم کی اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔ارشد ندیم قوم کے فخر اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کے مظاہرے اور جیولین تھرو میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں ارشد ندیم کی غیر معمولی کارکردگی کو زبردست سراہتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ پاکستان زندہ باد۔