آصف زرداری کی نیب ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری و دیگر کے خلاف پارک لین ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرلی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔

آصف زرداری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پارک لین ریفرنس نیب کو واپس ہوگیا، اخراج مقدمہ کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔

سابق صدر کے وکیل شیراز راجپر کا کہنا تھا کہ نیب ترمیم کے بعد ریفرنس نیب کو واپس ہوگیا ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو نیب آرڈیننس کے ساتھ پتہ نہیں کیا کیا ہوگیا ہے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی نیب ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

سماعت کے دوران آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل اسد عباسی اور شیراز راجپر عدالت میں پیش ہوئے۔