حساس تنصیبات کے حملہ آور کسی بھی طرح کلبھوشن سے کم کی سزا کے حقدار نہیں:رانا ثناءاللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ حساس تنصیبات کے حملہ آور کسی بھی طرح کلبھوشن سے کم کی سزا کے حقدار نہیں۔

فیصل آباد میں ریلی سے خطاب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قائدین نے نوجوانوں میں نفرت کے بیج بوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بےگناہ بندے کو گرفتار نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ امریکا میں کہتے تھے کہ نواز شریف جیل میں ہے، میں اس کا کھانا اور اے سی بند کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا ہمیں افسوس ہو رہا ہے، یہ لوگوں کو ٹرین کرتا رہا لوگوں کو نفرت سکھاتا رہا۔

رانا ثناءاللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی، حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کور کمانڈر کے گھر میں لوٹ مار کی پھر آگ لگادی۔ وہاں کیمپ آفس تھا، انہوں نے دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ یہ لوگ کلبھوشن سے کم سزاوار نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کو نفرت کی آگ میں اندھا کردیا، نوجوانوں کو تو علم ہی نہیں تھا کہ وہ احتجاج کےلیے کدھر جارہے ہیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ یہ ملک دشمن ہے ملک کی سیاست میں نفرت کا بیج بویا، اس میں سیاستدانوں والی بات نہیں، مذاکرات تو سیاستدانوں سے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معافی صرف ان کو ملے گی جن کا جرم قابل معافی ہے، اس بدبخت نے ملک کو حادثہ سے دوچار کرنا تھا اس نے اپنی جماعت کو حادثہ سے دوچار کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ جب برسر اقتدار تھے تو کہتے تھے ن لیگ کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ ایک بار تو یہ بھی کہا کہ اسلام آباد آیا تو رانا ثناءاللّٰہ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پھر ایک موقع پر میں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد آئے تو سہی، اسے بھاگنے کےلیے جگہ نہیں ملے گی۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ اس فتنے کو ووٹ کی طاقت سے مائنس نہ کیا تو یہ ملک کو حادثے سے دوچار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب کہتا ہے مذاکرات کرلو، تم سے کیا مذاکرات کریں؟ تم بے شرم ہو، اس عمل کی کھل کر مذمت بھی نہیں کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی، گفتگو میں ایک مذموم سازش سامنے آئی، مجھے انٹیلی جنس ایجنسی نے بتایا کہ یہ ڈرامہ ہونے والا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مجھے رات پونے 12 بجے بتایا گیا کہ پی ٹی آئی نے سازش تیار کی ہے اور اصرار کیا کہ قوم کو آگاہ کرنے کےلیے ایک دن کا بھی انتظار نہ کریں۔