جلسے جلوسوں میں پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کی شرکت پرپابندی عائد

لاہور : جلسے جلوسوں میں پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کی شرکت پرپابندی عائد کردی گئی۔

آئی جی پنجاب نے مراسلہ سی سی پی او لاہور سمیت صوبے بھر کے افسران کو بھجوا دیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہےکہ کوئی پولیس افسر اور اہلکار سیاسی جلسے جلوسوں کا حصہ نہیں بنےگا، احکامات کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا، پولیس افسران اور اہلکار سیاسی جلسوں میں ڈیوٹی کے دوران یونیفارم کا تقدس قائم رکھیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہےکہ کوئی پولیس افسر اور اہلکار جلسے جلوسوں میں نعرہ بازی نہیں کرےگا، پولیس کی گاڑیاں بھی سیاسی جلسے جلوسوں کے شرکا کے لیے استعمال نہیں ہوں گی، پولیس کی گاڑیاں صرف جلسے و جلوسوں کے شرکا کی سکیورٹی کے لیے استعمال ہوں گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہےکہ یونیفارم میں تصاویر لینا اور سوشل میڈیا پر عوامی خیالات کے لیے پوسٹ کرنا ممنوع ہے۔