ہارورڈ کیساتھ جڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کی خوبصورت یادیں

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے ساتھی کھلاڑی محمد رضوان نے ہارورڈ، بزنس اسکول میں مختصر قیام کے دوران اپنے ہم جماعتوں اور اساتذہ کے ساتھ اچھا وقت گزارا اور خوب یادیں اکٹھی کی ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان بوسٹن، میساچوسٹس کے ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹیو ایجوکیشن پروگرام میں بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس میں داخلہ لے کر اس باوقار ادارے میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز بن گئے ہیں۔

پاکستانی کھلاڑی اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں شامل ہو گئے جنہوں نے پہلے یہ کورس مکمل کر رکھا ہے۔

اس فہرست میں فٹ بالر کاکا، ایڈون وین ڈیر سار، جیرارڈ پیک، اولیور کاہن اور NBA ستارے جیسے کہ ڈرک نووئٹزکی، کرس پال اور پال گیسول شامل ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان کا یہ پروگرام 31 مئی سے 3 جون تک تھا جسے دونوں کھلاڑیوں نے کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

ہارورڈ بزنس اسکول میں اپنے کورس کے دوران بابر اور رضوان کمیونٹی کے مختلف افراد کے ساتھ فعال طور پر مشغول رہے۔

بابر اعظم اور محمد رضوان نے اِن دِنوں کو یادگار بنانے کے لیے اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ تصویریں بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

بابر اعظم نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’دنیا کو بدلنے کے خیالات رکھنے والے کچھ پرعزم لوگوں سے ملاقات کی۔‘

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک اور تصویر میں باصلاحیت کرکٹرز کی جوڑی کو ان کے کلاس روم میں دکھایا گیا ہے جبکہ ایک ہم جماعت خاتون ان کے ساتھ تصویر بنوارہی ہیں۔

اس تصویر کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اپنے ہم جماعتوں کو کرکٹ کی جانب راغب کر رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد رضوان ہارورڈ بزنس اسکول کی ایک فیکلٹی ممبر کو قرآن پاک بطور تحفہ پیش کر رہے ہیں۔