کینیڈا اور سعودی عرب کا سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی پر اتفاق

کینیڈا اور سعودی عرب نے سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرنے اور نئے سفیر تعینات کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پچھلے برس نومبر کے دوران بینکاک میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملاقات کی تھی، اس دوران تعلقات بحالی کا معاملہ زیر گفتگو آیا تھا۔

کینیڈا کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ سخت تجارتی پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 2018 میں صحافی جمال خاشقجی کی موت کے بعد ریاض میں قائم کینیڈین سفارتخانے نے سعودی عرب میں گرفتار خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم کارکن کو رہا کرنے کیلئے ٹوئٹ کی تھی۔

اس ٹوئٹ کے بعد ریاض نے کینیڈا سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا اور مزید تجارت پر پابندی لگا دی تھی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق آج کا فیصلہ دونوں فریقین کی طرف سے سفارتی تعلقات کی بحالی اور مشترکہ وقار اور دلچسپی کے امور کی بحالی کی وجہ سے ہوا ہے۔

کینیڈین ذرائع نے کہا کہ ہم نے حالیہ برسوں میں دیکھا ہے کہ سعودی عرب ایک اہم عالمی طاقت ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سوڈان میں پھنسے کینیڈین شہریوں کے انخلا میں مدد کی اور اب وہاں ہونے والے تنازع کا حل تلاش کر رہا ہے۔

کینیڈا جان فلپ کو ریاض میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔