فیض حمید کے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشگوئی نہیں کرسکتا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید کے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشگوئی نہیں کرسکتا، خود بانی پی ٹی آئی کو پتا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی ساری کہانی کا کُھرا بانی پی ٹی آئی کی طرف جائیگا، بانی پی ٹی آئی جو کچھ کرتے رہے ہیں، فیض حمید اس سب سے باخبر آدمی ہیں، معاملات زیادہ عرصہ معلق نہیں رہیں گے، سب چند دنوں میں طے ہو جائے گا۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ اختر مینگل کو انگیج کرنا ضروری ہے۔

استعفیٰ واپس لینے کیلئے انکے خدشات دور کرنا چاہئیں۔ اختر مینگل سے بات چیت ہوسکتی ہے اور کرنی چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اختر مینگل کے ذریعے کہلوایا جائے کہ ہم بلوچستان کے مسائل حل کرینگے۔

بلوچستان کی بہتری کیلئے کئی مواقع ضائع کیے گئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ان تمام وجوہات کو ختم کرنا چاہیے جن کی وجہ سے بلوچستان میں مسائل ہو رہے ہیں۔

نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر لیڈر ماضی میں قومی ڈائیلاگ کا کہہ چکے ہیں۔