احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، متعدد پروجیکٹس کی منظوری

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں متعدد پروجیکٹس کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے 22 ارب 16 کروڑ روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔

اجلاس میں بلوچستان کیلئے قومی تحفظ خوراک کے 1 ارب 10 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

منعقدہ اجلاس میں گوادر پورٹ نیویگیشن چینل کی کھدائی کا منصوبہ منظور کیا گیا، منصوبے پر 4 ارب 66 کروڑ 97 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

سماجی شعبے میں صحت، غذا، تعلیم کے منصوبوں کیلئے 4 ارب 82 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

قائد اعظم یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل میں تحقیق کی سہولت کے منصوبے کیلئے 3 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی جبکہ صحت کے شعبے حکومت پاکستان اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراکی منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا، منصوبے پر حکومت پاکستان 22 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔

اجلاس میں کنگ سلمان بن عبد العزیز ہسپتال ترلائی کیلئے 2 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری جبکہ گلگت شہر کے نکاسی آب کے منصوبے کیلئے 4 ارب 98 کروڑ روپے سے زائد کی بھی منظوری دے دی گئی۔