شہدائے اے ایس ایف کی یاد میں سالانہ تقاریب کا انعقاد

شہدائے اے ایس ایف کی یاد میں ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ سالانہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر منعقد کی گئیں پر وقار تقاریب میں چیف سیکیورٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے اس دن کی مناسبت سے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

اس ضمن میں مرکزی تقریب اسلام آباد ایئرپورٹ کے اسد شاہنواز شہید اے ایس ایف کیمپ میں منعقد ہوئی۔

ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلال امتیاز ملٹری نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

بعد ازاں تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے شہداء اے ایس ایف کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 جون شہدائے اے ایس ایف کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کے ایئرپورٹس کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مزید کہا کہ ہم نے وطن کے دفاع کی خاطر ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی مادر وطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کے افسران اور جوان ایئرپورٹس کی حفاظت کے لئے اپنی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کی ہر تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔