صوبۂ سندھ کے ضلع دادو میں خاتون کے قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے کے خلاف برہمانی قبیلے کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ برہمانی قبیلے کی جانب سے دھرنا انڈس ہائی وے برڑا نہر کے قریب دیا گیا مزید پڑھیں
سمندری طوفان بائپرجوائے کراچی کے جنوب میں 600 کلو میٹر دور
سمندری طوفان بائپرجوائے کراچی کے جنوب میں 600 کلو میٹر دور ہے، جس کے زیرِ اثر شہرِ قائد میں آج موسم مرطوب اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے، جہاں صبح میں ہی پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کا امکان ہے جو 45 ڈگری تک محسوس ہو سکتا ہے، کم سے کم درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شہرِ قائد میں جنوب مشرق کی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جس میں نمی کا تناسب 41 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، جو ٹھٹھہ کے جنوب میں 580 کلو میٹر دور ہے۔
14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھے گا، جبکہ 15 جون کی دوپہر کو یہ جنوب مشرق سندھ اور بھارتی گجرات کو عبور کرے گا۔
طوفان کے مرکز میں 35 سے 40 فٹ تک بلند لہریں
طوفان کے مرکز کے گرد لہریں 35 سے 40 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں، ساحلی پٹی پر آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
طوفان کے باعث کراچی اور حیدر آباد میں 13 سے 16 جون کے درمیان آندھی کا بھی امکان ہے، جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھر پارکر، عمر کوٹ میں 13 سے 17 جون تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
اس دوران ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔
طوفان کی شدت 3 سے 4 دن میں کم ہو گی: چیف میٹرولوجسٹ
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کےباعث سمندری طوفانوں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بپر جوائے کے ٹکرانے کے بعد اس کی شدت کم ہونے میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس طوفان کے باعث ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور میرپور خاص میں 200 سے 300 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ایک ہی اسپیل میں انتہائی شدت کی بارش کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں 50 سے 60 ملی میٹر یا اس سے بھی زائد بارش کا امکان رہے گا۔