جیوانی کے علاقے میں ساحل پر مردہ بلیو وہیل پائی گئی:ڈپٹی ڈائریکٹر گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی

ڈپٹی ڈائریکٹر گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی عبدالرحیم بلوچ نے بتایا ہے کہ جیوانی کے علاقے میں ساحل پر مردہ بلیو وہیل پائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مردہ بلیو وہیل کی لمبائی 42 فٹ ہے، وزن کا اندازہ نہیں، وہیل بڑی جسامت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلیو وہیل کی ہلاکت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، اس کی دم کی طرف گہرے زخم کے نشانات ہیں۔

عبدالرحیم بلوچ نے کہا کہ لگتا ہے بلیو وہیل کسی بھاری چیز کے ٹکرانے سے زخمی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلیو وہیل کو پہلے بھی مکران کے ساحلوں کے قریب دیکھا گیا ہے، گوادر کے سمندر میں 10 اقسام کی وہیلز پائی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مردہ بلیو وہیل کی باقیات اور ڈھانچے کو محفوظ کیا جائے گا۔