دبئی پولیس کا پاکستانی ڈرائیور کو ایمانداری پر انعام

دبئی میں پاکستانی ڈرائیور کو دبئی پولیس کی طرف سے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ لیموزین کے ڈرائیور محمد سفیان آرائیں نے اپنی ٹیکسی میں رہ جانے والی مسافر کی ایک لاکھ ایک ہزار درہم کی رقم واپس کی تھی۔

محمد سفیان کی ایمانداری پر دبئی پولیس کے البرشہ پولیس سنٹر میں اعزاز دیا گیا ۔ البرشہ پولیس سنٹر کے ڈی جی میجر جنرل ماجد سلطان السویدی اور افسران نے محمد سفیان کو ایوارڈ دیا۔

محمد سفیان نے دبئی پولیس کی جانب سے دیے گئے اعزاز پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ فرض کے مضبوط احساس اور مالک کے حقوق اور املاک کے تحفظ کی اہمیت نے اسے فوری کارروائی کرنے اور رقم البرشہ پولیس سنٹر تک پہنچانے پر مجبور کیا۔

پولیس حکام نے اس بات پر زور دیا کہ دبئی پولیس کی جانب سے محمد سفیان کے ایمانداری کے عمل کا اعتراف دبئی پولیس کے اسٹریٹجک مقاصد کے مطابق ہے۔