سابق ایم پی اے چوہدری عدنان قتل کیس ،نامزد ملزمان پر فردِ جرم عائد

راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے سابق ایم پی اے چوہدری عدنان قتل کیس میں نامزد ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔

راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ عدالت میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ فیصل رشید نے سابق ایم پی اے چوہدری عدنان قتل کیس پر سماعت کی جس کے دوران ملزمان ایم این اے دانیال چوہدری، اسامہ چوہدری اور چنگیز خان پیش ہوئے۔

ملزم جنید حسین کو اڈیالہ جیل سے مقامی عدالت پیش کیا جائے گا۔

عدالت نے ایم این اے دانیال چوہدری، اسامہ چوہدری، چنگیزخان اور محمد ظہور پر فردِ جرم عائد کر دی۔

بعد ازاں عدالت کی جانب سے ملزمان کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان کو 12 فروری کی شام پولیس لائنز کے سامنے قتل کیا گیا تھا۔