فرانس نے پاکستان کو کورونا ریڈ لسٹ سے نکال کر سفری پابندیاں نرم کردیں

اسلام آباد / پیرس: فرانس نے کورونا کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ والے ممالک سے نکال کر سفری پابندیوں میں نرمی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے لیے ایک اوربڑی کامیابی اُس وقت سامنے آئی جب فرانس کے وزارتِ خارجہ نے ریڈ لسٹ ممالک کی فہرست کا اجرا کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق فرانس نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال کر اورینج لسٹ میں شامل کر لیا ہے جس کے بعد سفری پابندیاں بھی نرم ہوگئیں۔

ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد پاکستانی مسافروں کے فرانس جانے میں آسانیاں پیدا ہو گئیں جس کے بعد پاکستانی شہریوں کو اب فرانس پہنچ کر قرنطینہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

واضح رہے کہ فرانس نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر مختلف ممالک کو تین رنگوں کی درجہ بندی میں رکھا ہے، جس کے تحت پہلی سبز دوسری اورنج تیسری ریڈ زیادہ خطرے والی ہے، ان تینوں ممالک سے آنے والوں کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین کی دونوں خوارکیں لگوانا لازمی ہے جبکہ ریڈ لسٹ والے ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ اور پھر کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہے۔