مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف دوبارہ روانہ ہو گیا ہے۔ ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مزید مزید پڑھیں
حنا بیات شوہر کے انتقال کے بعد ہونیوالی تنقید کا تذکرہ کرتے ہوئے لائیو شو میں رو پڑیں
پاکستان کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات شوہر کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا تذکرہ کرتے ہوئے لائیو شو میں اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں۔
حال ہی میں حنا خواجہ اور اداکارہ نادیہ جمیل نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں حنا بیات نے اپنے شوہر روجر بیات داؤد کے کینسر سے انتقال سے متعلق گفتگو کی۔
حنا خواجہ بیات نے بتایا کہ جب ان کے شوہر کینسر جیسے موذی مرض کی آخری اسٹیج پر تھے تب بھی انہوں نے مجھ پر ڈراموں میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تاکہ میں کام میں مصروف رہوں اور توجہ وہیں رہے۔
اداکارہ نے شوہر کے انتقال سے متعلق کہا کہ ‘مجھے کسی سے کوئی شکوہ نہیں ہے، نہ ہی اللہ تعالیٰ سے نہ اپنے پیاروں سے لیکن لوگوں سے ضرور گلہ ہے’۔
حنا بیات نے کہا کہ ‘میں نے تقریباً ایک سال کام نہیں کیا کیونکہ روجر بیمار تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا، ہم پاکستان میں نہیں تھے، جب لوٹے تو روجر نے زبردستی کہا کہ کام دوبارہ شروع کرو، میں نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن روجر نے زور دیا تو میں نے ایک پراجیکٹ کے لیے حامی بھر لی’۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ‘ڈائریکٹر حسیب حسن اور روجر نے آپس میں بات کی اور حسیب نے مجھے فورس کیا کہ چھوٹا سا کردار ہے، تین دن کی شوٹنگ ہوگی آپ کی گیسٹ اپیئرنس ہے تو آپ کرلیں، میں مان گئی، بعد میں مجھے معاملے کا علم ہوا کیونکہ شوٹنگ تین دن کی نہیں دس یا پندرہ دن کی تھی، میں ناراض بھی ہوئی کہ آپ نے غلط بیانی کی ہے’۔
دوران انٹرویو حنا خواجہ نے بتایا ‘روجر کے انتقال کے ایک ہفتے بعد مجھے یاد آیا کہ ڈرامہ آن ائیر ہے اور میری شوٹنگ مکمل نہیں ہوئی تھی جس کے بعد میں نے فون کیا اور پوچھا کہ کام کب کرنا ہے اس پر مجھے آگے سے جواب سننے کو ملا کہ آپ کس مٹی کی بنی ہیں؟ ہم آپ کو خود کال نہیں کررہے تھے، کیا آپ کام کریں گی؟ جس پر میں نے کہا ضرورت ہے تو میں آجاؤں گی، اسی لیے میں کام پر واپس چلی گئی’۔
حنا بیات یہ بتاتے ہوئے رو پڑیں کہ کس طرح انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے اشکبار ہوتے ہوئے کہا ‘لوگ اتنے ظالم ہیں، انہیں کیا پتا کہ کون کس چیز سے گزر رہا ہے، وہ بس فتویٰ لگادیتے ہیں، اس قسم کے سوال کرتے ہیں کہ عدت پوری کرلی آپ نے؟ دیکھو تیار ہوکر آئی ہوئی ہے، اسے کیا غم ہوگا اپنے شوہر کے مرنے کا، انہیں کیا پتہ کہ کس کے دل کا کیا حال ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘مجھے پتا ہے کہ میرا کام میرے لیے کیا ہے، میں رمضان کے ماہ میں صرف عبادت کرنا چاہتی تھی لیکن اللہ تعالیٰ نے کہا عبادت کے ساتھ مشقت بھی کرو، میں تبھی ترکی اور شام زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پہنچی تھی’۔
واضح رہے کہ حنا خواجہ بیات کے شوہر روجر خواجہ بیات جنوری 2023 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے۔