تحریک انصاف پر پابندی کی کوئی بات میرے علم میں نہیں:خواجہ سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی کی کوئی بات میرے علم میں نہیں۔

جناح ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کی قیادت باہر اور ٹکٹ ہولڈر اس بلڈنگ کے اندر تھے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ایک دلخراش سانحہ ہے۔ جناح ہاؤس میں آگ پیٹرول یا ماچس سے نہیں کیمیکل سے لگائی گئی تھی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان ظالموں نے قائداعظم کی ہر چیز جلا کر خاکستر کر دی۔ مشرف دور میں روز احتجاج کرتے تھے مگر کنٹونمنٹس کے تقدس کا خیال رکھتے تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی قوم اپنی فوج کو شرمسار نہیں کرتی، فوج جانیں دیتی ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی کی کوئی بات میرے علم میں نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ جب بات کرنے کا وقت تھا اور ہم بات کر رہے تھے، ایک ساتھ الیکشن کی تاریخ پر بھی اتفاق ہوگیا تھا مگر عمران خان نے مذاکرات ناکام کیے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان نے جو کمیٹی بنائی ہے وہ کس سے مذاکرات کرے گی؟ ہم تو چاہتے ہیں اسمبلی کو آئینی مدت سے ایک دن بھی آگے نہیں جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 26 سال سے ملٹری ایکٹ ہی لاء آف دی لینڈ ہے۔ عمران خان سمجھتے تھے کلٹ فالوئنگ سے نظام کو پلٹا دیں گے۔