42 ملک گھوم چکا ہوں ،مدینہ جیسا سکون اور نور دنیا کی کسی بھی جگہ نہیں: افتخار ٹھاکر

پاکستانی کامیڈین اور اداکار افتخار ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وہ 42 ملک گھوم چکے ہیں لیکن ہر جگہ جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ بھی نہیں مگر مدینہ سچ ہے جہاں کی فضا جیسا سکون اور نور دنیا کی کسی بھی جگہ نہیں۔

ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران افتخار ٹھاکر نے مدینے کے سفر کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہ کہ باب سلام اور جنت البقیع کا ذکر کروں تو آج بھی بلڈ پریشر گرجاتا ہے، مجھے ہر قدم پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ میں اس کائنات کے مالک اور خالق کے فریم میں داخل ہورہا ہوں، مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا میری سانس نکل جائے گی، میں دوبارہ اس منظر کو دیکھ نہیں پاؤں گا، اس کے بعد میں نے کافی دیر بعد خود کو سنبھالا۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ میں نے مدینے کی مارکیٹ سے سفید جبہ خریدا تھا ایک رات دو بجے آنکھ خود بخود کھل گئی، نہا دھوکر سفید جبہ پہنا اور مسجد نبویؐ کی طرف چل پڑا، مسجد نبویؐ میں داخل ہوا تو دیکھا باب جبریل کھلاہوا تھا جو کہ خاص موقع پر کھولا جاتا ہے، اس سے قبل 4 بار مدینے گیا لیکن مجھے یہ دروازہ کھلا نہیں ملا، سکیورٹی گارڈ جو مجھے پہچانتا بھی نہیں تھا، دوسرے سکیورٹی گارڈ سے مجھے دیکھ کر کہنے لگاکہ یہ میرا دوست ہے اس کے بعد وہ گارڈ مجھ سے گلے ملا اور کہا کہ میں آپ کا فین ہوں لیکن یہ ایریا مخصوص ہے، آپ بتائیں میں آپ کیلئے کیا کرسکتا ہوں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ اس پر میں نے ان سے کہا کہ حضور پاکﷺ کے نعلین پاک کی طرف لے چلو لیکن جب میں وہاں پہنچا تو 10 سیکنڈ بھی کھڑا نہیں ہوپایا اور بوسہ دے کر پلٹ آیا، اس کے بعد ساری رات روتا رہا کہ اللہ پاک حضور پاکﷺ نے خود مجھے اٹھا کر نعلین پاک کی زیارت کروائی۔