آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کے بیان کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار :عائشہ غوث پاشا

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن چیف نیتھن پورٹر کے بیان کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان قانون کے مطابق ہی چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن چیف کا بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت آئی ایم ایف کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام میں تاخیر پاکستان اور آئی ایم ایف دونوں کے مفاد میں نہیں، وزیرِ اعظم نےایم ڈی آئی ایم ایف کو شرائط پر عمل درآمد اور پروگرام مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ امید ہے نئے بجٹ سے پہلے اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا، 30 جون کو آئی ایم ایف پروگرام ختم ہو جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل نہ ہوئی تو وزارت خزانہ آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھی، ہر وقت پلان بی بھی موجود ہوتا ہے، ہماری ترجیح آئی ایم ایف پروگرام ہے، نئے مالی سال کا بجٹ الیکشن ایئربجٹ ہو گا۔

عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ نیا بجٹ 9 جون کے حساب سے تیار کیا جا رہا ہے، نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا، کوشش ہو گی عام آدمی پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے، آئی ایم ایف پاکستان کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی اجازت دیتا ہے۔