پیناڈول کی قیمت میں اضافہ ،عدالت کا حکومت کو بڑاحکم

سندھ ہائی کورٹ نے بخار کی ٹیبلٹ پیناڈول کی قیمت میں اضافے کے معاملے پر کمپنی کی جانب سے وفاقی حکومت کے خلاف دائر کی گئی۔

توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے قیمتوں سے متعلق 4 ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت میں وفاقی حکومت کے وکیل اور ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی کے نمائندے پیش ہوئے۔ڈریپ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے لیے وفاق سے منظوری لینا ضروری ہے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں پیناڈول کی قیمت زیرِ بحث نہیں آئی۔عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل کابینہ کے اجلاس میں قیمتوں سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاق کے وکیل کو ہدایت کی کہ وفاق 4 ہفتوں میں فیصلہ کر کے عدالت میں رپورٹ دے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو پیناڈول ٹیبلٹ کی قیمتیں بڑھانےپر غور کی ہدایت کی تھی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ قیمتوں سے متعلق فیصلہ نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ پیناڈول کے لیے ڈالرز میں خریداری کی جاتی ہے، ڈالر کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں لیکن ٹیبلٹ کی قیمت نہیں بڑھائی جا رہیں۔