ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد بھارتی مسافر طیارہ دبئی روانہ

میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد بھارتی مسافر طیارہ کراچی سے دبئی روانہ ہوگیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق پرواز ایس جی 15 پونے 5 گھنٹے تک کراچی ایئرپورٹ پر موجود رہی۔

دبئی کی پرواز میں 27 سال کے دھرووال دھرمیش کمار سونی کی طبیعت خراب ہوئی تھی۔

مسافر کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے طیارے نے رات 9:20 بجے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔

قبل ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی میڈیکل ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے بھارتی مسافر کو طبی امداد دی۔

ترجمان سی اے اے نے بتایا ہے کہ طبی امداد کے بعد بھارتی شہری کی طبیعت سنبھل گئی ہے۔ بھارتی شہری کا شوگر لیول لو ہونے کی وجہ سے طبیعت خراب ہوئی، کراچی ایئرپورٹ پر بھارتی مسافر طیارے کی ری فیولنگ کی گئی۔