آئی پی ایل: ممبئی انڈینز کا انجینئر جس نے 5 رنز دیکر 5 وکٹیں لیں اور ہیرو بن گیا

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے بولر آکاش مدھوال نے بدھ کے روز لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کے خلاف چونکا دینے والی پرفارمنس دی جس کے بعد ہر جانب ان ہی کے چرچے ہیں۔

فاسٹ بولر آکاش کی شاندار کارکردگی کے سبب ممبئی انڈینز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو 81 رنز سے بڑی شکست دی اور ایونٹ سے باہر کردیا، آکاش مدھوال نے میچ میں 3.3 اوورز میں محض 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے ہیرو بن گئے۔

جسپریت بمراہ کا ریکارڈ توڑ ڈالا:

آکاش مدھوال نے 5 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرکے بھارتی کرکٹر جسپریت بمراہ کا آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے لیے بہترین بولنگ فگرز کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

جسپریت بمراہ نے 2022 میں کلکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آکاش کا آئی پی ایل تک کا سفر:

پانچ سے چھ سال قبل آکاش مدھوال پورے اتراکھنڈ اور مغربی اتر پردیش کے علاقے میں ٹینس بال کرکٹ کھیلتے تھے، اور اس وقت کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ کس قدر ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہیں تاہم 2019 کے ٹرائلز میں آکاش نے اتراکھنڈ کے اُس وقت کے کوچ وسیم جعفر اور موجودہ کوچ منیش جھا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

کوچ منیش جھا نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ٹرائلز میں آکاش کی بولنگ نے ہمیں کافی متاثر کیا تھا، چونکہ اس نے بہت زیادہ ٹینس بال کرکٹ کھیلی تھی اس لیے گیند کی رفتار تو تھی لیکن درستگی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ آکاش اپنی بولنگ میں بہت تجربات کرتے تھے، میری پریشانی صرف یہ تھی کہ اگر آپ تیز اور سیدھی بولنگ کر سکتے ہیں تو آپ سست گیند کیوں کر رہے ہیں؟ آہستہ آہستہ اسے وہی مل گیا جو ہم اسے بتانے کی کوشش کر رہے تھے، اور آپ نتیجہ دیکھ سکتے ہیں۔

وہ شخص جس نے 24 سال کی عمر تک لال گیند سے نہیں کھیلا،اب انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے والا اتراکھنڈ ریاستی کرکٹ ٹیم کا پہلا کرکٹر بن چکا ہے۔

پچھلے سال، مدھوال نے سوریا کمار یادو کے انجری کے متبادل کے طور پر ممبئی انڈینز میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب وہ روہت شرما کے مرکزی بولر بن گئے ہیں، چاہے وہ نئی گیند کے ساتھ ہو یا ڈیتھ اوورز کی بولنگ ہو۔

29 سالہ آکاش مدھوال، جس کا تعلق روڑکی کے علاقے دھنیرا سے ہے، وہ بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کے پڑوسی ہیں جنہوں نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

آکاش مدھوال کے والد بھارتی فوج میں تھے جن کی موت 2013 میں ہوگئی تھی۔