جہانگیر ترین کل اپنی نئی پارٹی کا اعلان کریں گے

جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے اور وہ کل اپنی نئی پارٹی کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کا نااہلی کے باعث پارٹی کا پیٹرن اِنچیف بننے کا امکان ہے جبکہ نااہلی ختم ہونے کی صورت میں وہ پارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کی پارٹی کے اعلان کی صورت میں عبدالعلیم خان کا پہلا صدر ہونے اور عون چوہدری کا پارٹی کے آرگنائزر ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی کے لیے 3 نام زیرِ غور ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین نئی پارٹی کا اعلان کریں گے۔

ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور دیگر قیادت لاہور پہنچ گئی ہے جہاں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل، اس کے نام اور دیگر امور کو آج حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین تحریک انصاف چھوڑنے والوں کے ساتھ آج شمولیت کے لیے معاملات طے کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ مزید سابق ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور رہنما شمولیت کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہونے والوں کو آج رات لاہور پہنچنے کا کہہ دیا گیا ہے۔