کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی کے گیٹ پر 3 طالب علموں کے ساتھ ڈکیتی کی واردات

کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ پر طالب علموں سے لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان یونیورسٹی کی فیس لے کر فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق طالب علم ناشتے کے لیے جامعہ سے باہر جا رہے تھے کہ مرکزی گیٹ پر 3 طالب علموں کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

لٹنے والوں میں زین اسلم، حق نواز اور عمر نامی طالب علم شامل ہیں۔

لٹنے والے تینوں نوجوان طلباء انجیئرنگ کے فائنل ایئر میں ہیں، ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 ملزمان طلباء سے یونیورسٹی کی فیس، ہاسٹل کا ماہانہ خرچ لوٹ کر فرار ہو گئے۔

موٹر سائیکل پر سوار ڈاکو طلباء سے پرس اور موبائل فون بھی چھین کر لے گئے، جس کی وجہ سے طلباء این ای ڈی یونیورسٹی آئی ڈیز اور شناختی کارڈ سے بھی محروم ہو گئے۔

این ای ڈی یونیورسٹی اور ہاسٹل کی کینٹین کنٹریکٹ ختم ہونے کی وجہ سے بند ہے، کینٹین بند ہونے کی وجہ سے طلباء ناشتے کے لیے باہر جا رہے تھے کہ ان کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

صبح سویرے ہونے والی اس واردات کی رپورٹ مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج کر لی گئی ہے۔