اپنے برانڈ کا آغاز 25 سو روپے سے کیا ،ایچ ایس وائی کا انکشاف

پاکستان فیشن انڈسٹری سے وابستہ فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین المعروف ’ایچ ایس وائی‘ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے برانڈ کا آغاز 25 سو روپے سے کیا اور اپنے ساتھ فیشن ماڈل ایمان علی کو بھی فیشن انڈسٹری میں متعارف کروایا۔

حال ہی میں فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے مختلف دلچسپ واقعات ناظرین کے ساتھ شیئر کئے۔

میزبان کے ایک سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے صرف 25 سو روپے سے اپنے برانڈ کا آغاز کیا تھا۔

فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ انہوں نے اُس وقت 2 ہزار کی سلائی مشین خریدی اور 5 سو سے کچھ قینچیاں اور دھاگے خریدے، ایک ٹیلر ماسٹر کو وعدے کی بنیاد پر ہائیر کیا، لیکن کپڑوں کے پیسے نہیں تھے تو گھر کے پردے، بیڈ شیٹس اور ڈائیننگ کور سے 5 جوڑے تیار کیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اُن دنوں ایمان علی مجھ سے ماڈلنگ سیکھتی تھی، تو انہیں اپنے کپڑوں کے شوٹ کے لئے ماڈلنگ کی آفر کی جو انہوں نے قبول کرلی، جبکہ میک اپ اور فوٹوگرافی کے لئے اپنے دوستوں شہزاد رضا اور اطہر ظہور سے درخواست کی تو ان کے ساتھ مل کر پہلا شوٹ مکمل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اُس وقت پاکستان میں صرف 5 بڑے میگزین شائع ہوتے تھے، سب کے ایڈیٹر سے ملاقات رکھی لیکن اُن دنوں لاہوریوں کو کوئی موقع نہیں دے رہا تھا، تاہم انہیں اپنی تصاویر ارسال کردیں۔

اس کے ایک ماہ بعد پانچوں میگزین کے کور پر ’ایچ ایس وائی‘ کا پہلا شوٹ ایمان علی کے ساتھ پرنٹ ہوا۔