ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا ہے:مراد راس

تحریکِ انصاف چھوڑنے والے ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا ہے۔

ڈاکٹر مراد راس نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیال اراکین نے ڈیموکریٹس کے نام سے گروپ بنایا ہے، گروپ کا نام ہاشم ڈوگر کی زیرِ صدارت اجلاس میں فائنل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم خیال اراکین فی الحال جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ نہیں جائیں گے، گروپ کے اراکین کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ گروپ الیکشن کمیشن میں رجسٹر نہیں کروایا جائے گا، مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہم سب لوگوں سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما اور سابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔