میشا شفیع عدالت سے چھپن چھپائی کھیل رہی ہیں، گلوکارہ کے پیش نہ ہونے پر جج برہم

لاہور: جوڈیشل عدالت نے علی ظفر کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ میشا نے قانون اور انصاف کے عمل کو مذاق بنایا ہوا ہے، وہ عدالت سے چھپن چھپائی کھیل رہی ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ میشا شفیع نے قانون اور انصاف کے عمل کو مذاق بنایا ہوا ہے، میشا شفیع عدالت میں چھپن چھپائی کھیل رہی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ میشا شفیع اور ماہم جاوید کی عدم حاضری کے باعث ٹرائل بری طرح متاثر ہورہا ہے اس لیے میشا شفیع اور ماہم جاوید کی حاضری معافی اور نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع اور ماہم جاوید کو آخری موقع دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں، عدالت اداکارہ عفت عمر کی بھی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرتی ہے، ملزمان علی گل پیر اور لینا غنی نے چالان سے بری کرنے کی درخواست دائر کی تھی ملزمان نے درخواست میں قانون کے مطابق بات نہیں کی اس لیے ان کی بریت کی درخواستیں بھی مسترد کی جاتی ہیں۔