مودی میرے قتل کے منصوبے میں براہِ راست ملوث ہیں:گرپتونت سنگھ پنوں

مودی سرکار کے ہاتھوں قتل سے بال بال بچنے والے خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا ہے کہ مودی میرے قتل کے منصوبے میں براہِ راست ملوث ہیں، وہ سرکاری استثنیٰ کے پیچھے نہیں چھپ سکیں گے۔

سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کے منصوبے کی تحقیقات کے لیے ایف بی آئی کے سینئر ڈائریکٹر کے بھارت جانے پر سکھوں نے اظہارِ خیر مقدم کیا ہے۔

سان فرانسسکو کے گولڈن برج پر سکھوں نے ریلی کے دوران ایف بی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ سان فرانسسکو میں خالصتان کے لیے ریفرنڈم کا آغاز 28 جنوری سے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سکھوں اور مسلمانوں کے خلاف جرائم پر مودی پر مقدمہ چلائیں گے، مودی سیاسی مخالفین کے خلاف تشدد کا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے ساتھی ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا گیا تھا۔

کینیڈا نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔