ایم کیو ایم پاکستان کا مردم شماری کے نتائج پر ایک بار پھر تحفظ کا اظہار

اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری کے نتائج پر ایک بار پھر تحفظ کااظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے اس سلسلے میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی جس میں ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے، اس دوران خالد مقبول صدیقی نے احسن اقبال کو مردم شماری سے متعلق پارٹی تحفظات سے آگاہ کیا۔

خالد مقبول نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج سے ایم کیو ایم کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدرآباد کے اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹیز بھی مطمئن نہیں، مردم شماری کے اعداد و شمار کی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے دوبارہ تصدیق کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اب بھی ہزاروں ایسی عمارتیں ہیں جہاں مردم شماری کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھاکہ پچھلے 75 سالوں سے شہری سندھ کو اسی طرح دیوار سےلگایا جارہا ہے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کے تحفظات پر احسن اقبال نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ نتائج کی درستگی کیلئےکام ہورہا ہے جو بے ضابطگیاں ہیں انہیں ختم کررہے ہیں، وزیراعظم کی بھی ہدایت ہے کہ نتائج کے حوالے سے تحفظات دور کیے جائیں۔