ناصر حسین شاہ کا عمران خان کی مذاکراتی ٹیم سے متعلق دلچسپ تبصرہ

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے عمران خان کی مذاکراتی ٹیم سے متعلق دلچسپ تبصرہ کر دیا۔

کراچی سے جاری بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ پرویز خٹک، مراد سعید اور حلیم عادل شیخ مذاکرتی ٹیم میں شامل ہیں، لیکن یہ تو ڈھونڈنے سے بھی نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کولہو کے بیل کی طرح آنکھیں بند کرکے گول گول گھوم رہی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ منزل معلوم نہیں، نظر کچھ آ نہیں رہا لیکن عمران اب بھی اقتدار کے لیے مذاکرات چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ڈوبتی کشتی سے سارے چھلانگ لگا کر اُتر گئے اور کشتی عمران کو چلانا نہیں آتی۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اب عمران خان کو چاہیے کہ عمران خان سے ہی مذاکرات کر کے تعین کرے کہ وہ اب کہاں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان، عمران خان سے ہی معلوم کرے کہ کیا وہ اب اس پوزیشن میں ہے کہ حکومت اس سے مذاکرات کرے؟

وزیر بلدیات سندھ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے تو خود کو سیاسی رہنماؤں کی فہرست سے خارج کروا کر دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کروا دیا ہے۔