اومیکرون کورونا؛ سعودی عرب نے سفری پابندیاں مزید سخت کردیں

ریاض: کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والوں مسافروں پر سفری پابندیاں مزید سخت کردیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب آمد کے لیے ویکسینیشن اور منفی پی سی آر یا ریپڈ ٹیسٹ لازمی قراردیدیا گیا ہے اور یہ ٹیسٹ سعودی عرب روانگی سے 48 گھنٹے کے اندر اندر ہونا ضروری ہے۔

سعودی ایوی ایشن کی جانب سے جای کیے گئے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 8 سال سے کم عمر کے بچے ویکسینیشن اور ٹیسٹنگ کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

اسی طرح سعودی عرب سے روانگی کے خواہشمند مسافروں کے لیے بوسٹر ڈوز لازمی قرار دی گئی ہے اور بوسٹر لگوائے ہوئے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ ہوئے ہوں۔

سعودی ایوی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سفری پابندیوں کا اطلاق بدھ 9 فروری سے ہوگا اور احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں مسافر کو بلیک لسٹ کرنا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے ماسک پہننے کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پر 1 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم بار بار خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانہ ایک لاکھ ریال تک بھی ہوسکتا ہے۔