راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر یوم مذمت غدار پاکستان کے بینر آویزاں

راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر یوم مذمت غدار پاکستان کے بینر آویزاں کردیے گئے جس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی تصاویر لگی ہیں۔

مری روڑ، صدر اور کچہری چوک سمیت متعدد شاہراہوں پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی تصاویر پر غدار پاکستان کی تحریریں درج کی گئی ہیں۔

آویزاں کیے گئے بینرز پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، عمران اسماعیل، فرخ حبیب، مراد سعید اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کی تصاویرموجود ہیں، تصاویر پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو غدار پاکستان قرار دیا گیا ہے ۔

عمران اسماعیل کی تصویر کے ساتھ عوام کو فوجی تنصیبات پر حملوں پر اکسانے کی تحریر درج کی گئی ہے اور فرخ حبیب کی تصویر کے ساتھ پاک فوج کے خلاف نفرت پھیلانے کی تحریر لکھی ہے۔

یاسمین راشد کی تصویر کے ساتھ عوام کو جناح ہاؤس لے جانے کی تحریر درج ہے، بینرز پر یوم مذمت غدار پاکستان کی تحریر بھی درج کی گئی ہے۔

کچہری چوک کے قریب وال آف شیم کے نام سے بڑا بینر بھی آویزاں کردیا گیا ہے جس پر پی ٹی آئی کے 21 اراکین کی تصاویر آویزاں ہیں۔