پاکستان بہت تیزی سے معاشی ناکامی کی طرف جارہا ہے: شبّر زیدی

سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبّر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان بہت تیزی سے معاشی ناکامی کی طرف جارہا ہے۔

لاہور میں جشن جون ایلیا سے خطاب کرتے ہوئے شبّر زیدی نے کہا کہ وزیر خزانہ کی مجبوری ہے کیسے کہہ دیں کہ خزانہ خالی ہے، پاکستان ملکی اور غیر ملکی قرضے ادا نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قسطیں ادا نہ کرنے کو دیوالیہ کہتے ہیں، سچ بولیں پیسے نہیں ہیں۔ ہماری انا اور بکواس ختم نہیں ہوتی۔

شبّر زیدی نے کہا کہ الیکشن کے بعد بھی معاشی بہتری نظر نہیں آرہی، الیکشن کے بعد آنے والی حکومت ایک سال سے زیادہ نہیں چل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد قومی حکومت بنائی جائے، حکومت کے پاس ملک چلانے کا ہنر نہیں، ریاست سہولت اور سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو پھر وہ کیسی ریاست ہے۔

شبّر زیدی نے کہا کہ ہم بھارت سے کیوں نہیں سیکھ سکتے۔

رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شبّر زیدی حقیقت پسندانہ باتیں کر رہے ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بجٹ چند بندے بناتے ہیں، ریونیو اہداف حاصل نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے تین ارب ڈالر زیرو ریٹ پر لٹا دیے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اور ہم اس کی شادی کی تاریخ طے کرنا چاہ رہے ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنایا جائے، سرمایہ کار بھارت میں منصوبے لگانے کےلیے دھکے کھا رہے ہیں۔