پاکستان ویمن نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

پاکستان ویمن نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

لاہور میں بارش کے باعث دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، میچ کی ایک اننگز کو 17 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور آئر لینڈ ویمن نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

ایمی ہنٹر نے 36 اور اورلا پرینڈرگسٹ نے 20 رنز کی اننگز کھیلی، ندا ڈار نے 19 رنز جب کہ نشرہ سندھو نے 21 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کی، جواب میں پاکستان ویمن نے مطلوبہ ہدف 16 اوورز میں پورا کر لیا۔

پاکستان ویمن نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے جس میں جویریہ خان نے 35 اور ندا ڈار نے 28 رنز بنائے جب کہ عائشہ یوسف نے جارحانہ 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ندا ڈار کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرا و فیصلہ کن میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں