پرویز الہٰی کی گرفتاری پر ان کے بیٹے مونس الہیٰ کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی گرفتاری پر ان کے بیٹے مونس الہیٰ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

لندن میں موجود مونس الہیٰ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جنوری سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا تب میرے والد نے مجھے یہ کہا تھا کہ چاہے مجھے بھی گرفتار کر لیں ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔‘

مونس الہیٰ نے مزید لکھا کہ ’ 3 دن پہلے میرے والد اور والدہ نے یہی چیز دہرائی، اب کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے میرے والد کو جھوٹے مقدموں میں گرفتار کیا ہے۔ ہم انشا ءاللہ پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے۔‘

خیال رہے کہ آج چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا، اینٹی کرپشن حکام پرویز الٰہی کو دوسری گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف اینٹی کرپشن کے متعدد مقدمات درج ہیں، ان مقدمات میں پرویز الٰہی کے خلاف ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس لینےکے الزامات ہیں۔