پی ڈی ایم نے پہلے پاکستان اور پاکستانی اداروں کے بارے میں زہر اگلا:مراد سعید

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے پہلے پاکستان اور پاکستانی اداروں کے بارے میں زہر اگلا، اب یہ سارے ہمیں حب الوطنی کا درس دیتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ جب دہشت گردی کی جنگ شروع ہوئی تب میری عمر 18 سال تھی، ہم بےگھر ہوئے، والدہ زندہ لاش بن گئیں۔

مراد سعید نے کہا کہ جو نیشنل کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کے خواب دیکھتا تھا اس کا مستقبل تاریک ہو گیا، پردہ دار بہنوں کو راشن کے لیے لائنوں میں لگتے دیکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پردیس میں والد روتے تھے کہ جس گھر کو بنایا وہ مٹی کا ڈھیر ہو گیا، ہماری زبانوں پرشکوہ تک نہیں آیا، کبھی پاکستان کا برا نہیں چاہا۔

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم نے ٹکڑے سمیٹے اور اپنے شہروں کی تعمیر میں لگ گئے، آج ہم پر دہشت گردی اور غداری کے فتوے لگاتے ہیں، یہ لوگ کون ہیں؟