پشاور ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرلی

پشاور ہائی کورٹ نے عمران خان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں انہوں نے راہداری ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی استدعا کی۔ ان کی جانب سے درخواست ان کے وکیل بابر اعوان نے دائر کی جس پر چیف جسٹس قیصر رشید نے سماعت کی۔

بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف 14 ایف آئی آرز درج ہیں جن میں لکھا ہے کہ ’’عمران خان کے ایما پر‘‘، جس پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ تین ہفتوں کی ضمانت دیتے ہیں اگر پھر کوئی مسئلہ ہوا تو آپ پھر آسکتے ہیں، 25 جون تک ضمانتوں پر عمل درآمد ہوگا۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے ہدایت دی کہ عمران خان صاحب ہائی کورٹ کے احاطے میں کوئی خطاب نہ کریں جس پر بابر اعوان نے انہیں بالکل ٹھیک کہتے ہوئے یقین دہانی کرائی وہ کہ ایسا نہیں کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عمران خان کی 25 جون تک راہداری ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرلی۔

واضح رہے کہ عمران خان پر 25 مئی کے لانگ مارچ کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہوئے تھے۔ عمران خان پر کار سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی 14 ایف آئی آر درج ہوئی تھیں۔