شرح سود 19 اعشاریہ 50 برقرار رہے گی یا کچھ تبدیلی ہو گی؟ فیصلے کے لیے اجلاس آج ہو گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مانیٹری پالیسی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں شرح سود کے حوالے سے فیصلہ مزید پڑھیں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024ء پر دستخط کر دیے
صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024ء پر دستخط کر دیے۔
ذرائع کے مطابق گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے بل سینیٹ سیکریٹریٹ بجھوا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024ء منظور کر لیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا تھا۔
قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ میں بھی بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن نے احتجاج کیا تھا۔
نئے قانون بل کے تحت انتخابی نشان کے حصول سے قبل پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہوگا، مقررہ مدت میں مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے کی صورت میں کوئی سیاسی جماعت مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں ہو گی۔
ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی امیدوار کی جانب سے مقررہ مدت میں ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار ناقابل تنسیخ ہوگا۔
اس طرح پی ٹی آئی کو اب خصوص نشستیں نہیں ملیں گی اور نہ ہی وہ سنی اتحاد کونسل سے کی گئی وابستگی سے دستبردار ہوسکیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی، جس میں سپریم کورٹ سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔