صوبۂ سندھ کے ضلع دادو میں خاتون کے قتل کا مقدمہ درج نہ ہونے کے خلاف برہمانی قبیلے کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ برہمانی قبیلے کی جانب سے دھرنا انڈس ہائی وے برڑا نہر کے قریب دیا گیا مزید پڑھیں
پی ٹی آئی رہنما چوہدری وجاہت حسین کا پارٹی چھوڑنے اور مسلم لیگ (ق) میں واپسی کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری وجاہت حسین نے پارٹی چھوڑنے اور مسلم لیگ (ق) میں واپسی کا اعلان کردیا۔
چوہدری وجاہت حسین اور ان کے بیٹے نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے بھائی وجاہت حسین کا استقبال کیا اور کہا کہ چوہدری وجاہت کو مسلم لیگ ہاؤس آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت توڑنے کی نہیں بلکہ جوڑنے کی سیاست کی ضرورت ہے، ہمیں اس وقت مل کر پاکستان کو معاشی مشکلات سے باہر نکالنا ہے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین کا کہنا تھاکہ فوجی تنصیبات پر حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور پورا پاکستان 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے، اگر میری بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو اپنے الفاظ واپس لینے کیلئے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت میرے بڑے بھائی بھی ہیں، میرے والد کی جگہ ہیں، میں کسی پر الزام نہ ہی لگاؤں تو بہتر ہے، حسین الٰہی بھی میرے ساتھ ہی واپس آ گئے ہیں، ہمارے خاندان کے کچھ فیصلے وقت نے ثابت کیے کہ غلط تھے، چوہدری شجاعت حسین کا بڑا دل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ میرے خیال میں چوہدری شجاعت واپس آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے، مجھ پر قائم مقدمات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
چوہدری وجاہت حسین کا کہنا تھاکہ میرا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں رہا اور نہ ہی میں ان کا ممبر رہا ہوں، میرا بیٹا مسلم لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر جیتا ہوا ہے، میرا نہیں خیال کہ حسین الٰہی میری بات ٹالیں گے۔
خاندان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے آنے والے وقت میں پورے خاندان کو اکھٹا دیکھیں، ہو سکتا ہے جنہوں نے دراڑیں ڈالی ہیں، وہی دراڑیں ختم کر رہے ہوں۔