سعید غنی کا میئر کراچی کے نمبر گیم میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اتحاد سے 20 نمبر کم ہونے کا اعتراف

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے میئر کراچی کے نمبر گیم میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اتحاد سے 20 نمبر کم ہونے کا اعتراف کرلیا۔

ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ میئر کراچی کے لیے درکار نمبر گیم میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے اتحاد کی تعداد 193 ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے پاس یہ ہندسہ 173 ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود پی ٹی آئی کے 43 یوسی چیئرمین کی اکثریت پارٹی پالیسی کے برخلاف پیپلز پارٹی کا میئر لانے کے حق میں ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمینز کی بڑی تعداد حافظ نعیم الرحمان کو میئر کراچی کا ووٹ دینے کے حق میں نہیں ہے۔

سعید غنی نے سوال کیا کہ یہ کیا بات ہوئی کہ حافظ نعیم الرحمان میئر کراچی بنے تو ٹھیک، پیپلز پارٹی کے امیدوار جیت جائے تو شہر پر قبضہ ہو گیا؟

ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے پیٹ میں بھی حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا درد اٹھا ہے، شاید بانی ایم کیو ایم سمجھتے ہیں کہ حافظ نعیم الرحمان میں نیا الطاف حسین بننے کا زیادہ دم موجود ہے۔